ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات نہیں ہوگی: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: ( ) صدر ، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کی 11 ویں برسی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم معصوم بچوں کی قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گی، اے پی ایس کے متاثرہ خاندانوں کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی یاد عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

آصف زرداری نےکہا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین سے کوئی نرمی نہیں ہوگی، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات چیت ممکن نہیں۔

شہباز شریف نے کہا اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ ہیں اور پاکستان کی سر زمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحے کا حقیقی انصاف ہے، پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہے اور صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔