لاہور (سٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں جاری نئے بائیومیٹرک رولز نے مستحق خواتین، بالخصوص عمر رسیدہ اور محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت سم نکالنے، فعال رکھنے اور بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر نقد رقم وصولی کیلئے انگوٹھے کے نشان ضروری کر دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے مخصوص دنوں میں ہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کے انگوٹھے شناختی سسٹم پر کامیابی سے سکین نہیں ہوتے۔ پہلے نظام میں ایسی خواتین کیلئے ٹیمیں موقع پر پہنچ کر تصاویر کے ذریعے تصدیق کرتی تھیں اور انہیں ان کی رقم با آسانی مل جاتی تھی، مگر نئے ضابطوں نے یہ سہولت ختم کر دی ہے۔ خواتین کے مطابق آدھی سے زیادہ مستحق خواتین کے انگوٹھے مشقت، عمر رسیدہ ہونے یا نادرا میں پرانی رجسٹریشن کے سبب نہیں لگتے، ایسے میں سم نکالنے اور صرف بائیومیٹرک پر انحصار کرنے کا فیصلہ انتہائی ناکام سسٹم ثابت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تصاویر کے ذریعے شناخت کا سابقہ نظام دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ وہ مستحق افراد جن کے انگوٹھے سکین نہیں ہوتے، اپنی امدادی رقم آسانی سے حاصل کر سکیں۔ خواتین نے مزید کہا کہ موجودہ سسٹم صرف انہی لوگوں کیلئے کارآمد ہو سکتا ہے جن کے انگوٹھے صحیح طرح لگتے ہیں، جبکہ ہزاروں عمر رسیدہ خواتین اس سے محروم رہ جائیں گی۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے فوری مداخلت اور پرانا، موثر اور سہل نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بی آئی ایس پی کے نئے قوانین پر عوام شدید برہم، پرانا نظام بحال کرنے کا مطالبہ
















