لاہور (سٹاف رپورٹر )سابق صوبائی وزیر اور چیئرمین و صدر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) ابراہیم حسن مراد نے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی، تعلیم، گورننس ،نوجوانوں کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا پاکستان میں اڑھائی کروڑ سے زائد بچے تاحال سکول سے باہر ہیں جو ملک کےلئے نہ صرف اہم تعلیمی و سماجی چیلنج ہے بلکہ معاشرتی ترقی کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ ہے، یونیورسٹی ایجوکیشن اور ہنر مندی کی اہمیت ،مثبت معاشرتی اثرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ابراہیم حسن مراد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا موثر گورننس کی بنیاد مضبوط پالیسی سازی ، ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج تعلیم کا بحران ہے، نوجوانوں کےلئے اعلیٰ تعلیم، جدید مہارتوں اور عملی تربیت کے مواقع میں اضافہ کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں اور بروقت حکومتی توجہ اور رہنمائی سے وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے یو ایم ٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں یو ایم ٹی کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے ،ایسے ادارے ہی ملک کے تعلیمی مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کررہے ہیں، نوجوان نسل کو معیاری تعلیم ، جدید سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملکی ترقی میں بھرپور اور مثبت کردار ادا کر سکیں،ملاقات کے اختتام پر سابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سونیئر پیش کیا۔
اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں یو ایم ٹی کا کردار قابل تعریف ہے،چیئرمین پی پی
















