امریکی قونصل جنرل کی ملاقات،سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرینگے،سہیل آفریدی


پشاور:(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ کے پی ا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے ملاقات کی،تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون ،انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تھامس ایکرٹ نے کہا تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے، اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے مجموعی امن و استحکام کو تقویت ملے گی،معدنیات اور توانائی کی شراکت داری اقتصادی سفارتکاری کو مضبوط کرے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا خیبر پختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں ترجیح حاصل ہے، مقامی آبادی کو فائدہ پہنچانے والی نجی سرمایہ کاری کی مکمل حوصلہ افزائی کرنے کیساتھ سہولت دی جائےگی،عوامی مفاد صوبائی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، صوبائی حکومت سستی اور صاف توانائی کےلئے چھوٹے پن بجلی گھروں ، ڈیموں پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا نائن الیون کے بعد دہشتگردی کےخلاف جنگ میں خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، اب صوبائی حکومت انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی مضبوطی اور استعداد سازی پر کام کر رہی ہے، ضم شدہ اضلاع میں نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ دیا جائے گا۔