سفارش، رشوت بھی بیکار، پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے جدید ٹیکنالوجی نظام رائج کرنیکا فیصلہ
لاہور(مرزا ندیم بیگ)پنجاب بھر میں سفارشی ،رشوت دینے والے اور نا اہل ڈرائیوروں کے لائسنس اب نہیں بن سکیں گے کیونکہ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے اب جدید ٹیکنالوجی نظام رائج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وارڈنز کی بجائے کمپیوٹر ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس یا فیل کا فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز پر موجود گاڑیوں میں سنسرز اور کیمروں کی تنصیب ہو گی تمام سنٹرز پر ٹیسٹنگ کے لئے نئی گاڑیاں فراہم کی جائینگی ،سنسرز اور کیمروں کی موجودگی میں ٹیسٹ کے دوران وارڈنز کی مداخلت بالکل ختم ہو جائے گی،ڈرائیونگ کے دوران امیدوار کی جانب سے کوئی بھی کی جانے والی غلطی سسٹم میں خود رپورٹ ہو جائے گی۔ اسکے علاوہ بائیو میٹرک حاضری ،گاڑی کے اندر و باہر کیمروں اور سنسرز سے لائسنس کے اجراءمیں شفافیت آئیگی، کسی نئے ٹیسٹنگ سنٹر پر گاڑی کے اجراءکے بغیر شروع نہیں کیا جائیگا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں گاڑیوں کے تناسب سے صرف 17 فی صد ڈرائیورز کے پاس لائسنس موجود ہیں پنجاب حکومت ٹریفک پولیس حادثات پر قابو پانے کے لئے اہل امیدواروں کو لائسنس کے اجراءکیلئے اقدامات میں تیزی سے کام کر رہی ہے۔

















