سپیکر نے حکومت،اپوزیشن میں پھر ثالثی کی پیشکش کردی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی حکومت،اپوزیشن میں پھر ثالثی کی پیشکش ،پی ٹی آئی کو قائمہ کمیٹیوں میں واپس آنے کی دعوت دےدی۔
سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ نے ملاقات کی،سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کوچیمبر میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا سیاست سے بڑھ کر ایک دوسرے کےساتھ بھائی چارے ،رواداری کا رشتہ ہے،2014 سے مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کےساتھ مسلسل رابطے میں ہوں،سیاست عارضی ہوتی مگر اراکین پارلیمنٹ کے درمیان تعلقات و باہمی احترام مستقل ہونا چاہیے،قومی مسائل کے حل کےلئے بات چیت ،مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
سپیکر نے کہاملک کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی مشاورت سے ہی ممکن ہے،پہلے کی طرح اب بھی پی ٹی آئی ،حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کوتیار ہوں،پی ٹی آئی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آکر پارلیمان میں کردار ادا کرے۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے خاندان کے افراد اور پارٹی رہنماوں کی ملاقات نہ ہونے کامعاملہ اٹھاتے ہوئے کہاآپ سینئرسیاستدان ہیں، پہلے بھی مدد کرتے رہے اب بھی ملاقات کےلئے کردار ادا کریں،اپوزیشن وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے حکومت ،اپوزیشن کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کے فروغ کےلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا سپیکر قومی اسمبلی کو بنیادی مطالبات سے آگاہ کردیا،چاہتے ہیں بانی سے اہلخانہ ، پارٹی رہنماوں کی ملاقات کرائی جائے،اپوزیشن لیڈرکی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہونا چاہیے،مطالبات نہ مانے گئے تو پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے۔
















