ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ،رانا ثنا،طلال، اویس لغاری کو نوٹس
اسلام آباد،لاہور،فیصل آباد:(بیورورپورٹ)ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پروزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ ،رانا ثنا،طلال چودھری ،اویس لغاری ،حذیفہ رحمن کو نوٹس،لیگی امیدوار کو جرمانہ کردیا گیا۔
سہیل آفریدی کی جانب سے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین کو دھمکیوں کے معاملے پر وکیل علی بخاری پیش ہوئے، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی،وکیل علی بخاری نے کہاایک ہی وقت میں ڈی آر او نے نوٹس کررکھا ہے، ایک وقت میں 2 جگہ سے نوٹسز ہوئے ، الیکشن کمیشن ممبر نے ریمارکس دئیے جو یہاں پیش نہیں ہوئے وہ وہاں کون سا پیش ہوئے ہوں گے؟،علی بخاری نے کہا ایسی بات کرنا زیادتی ہے، قانون کے مطابق میں وزیر اعلیٰ کی نمائندگی کررہا ہوں، چیف صاحب اپنے ممبر کو بتائیں کیسے ریمارکس دینے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا وزیر اعلیٰ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا،وکیل نے کہا وزیراعلیٰ کی حاضری سے استثنیٰ درخواست دی،چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کیا وہ کے پی میں ہیں؟ وکیل نے جواب دیا جی میٹنگ تھی وہاں ہیں،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کےخلاف کارروائی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم میں کوئی پبلک آفس ہولڈر شرکت نہیں کر سکتا، تشدد پر اکسانے یا دھمکانے کی بھی ممانعت ہے،وزیر اعلیٰ کے پی نے انتخابی عملے کو دھمکایا، حلقے سے امیدوار شہرناز عمر ایوب بھی برابر قصور وار ہیں۔
وکیل علی بخاری نے موقف اختیار کیاہری پور کےساتھ والے خسرے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے 3 ارب کا ہسپتال دیا کیا یہ تضاد نہیں ،چیف الیکشن کمشنر نے کہا حقیقت ہے وزیر اعلیٰ نے حویلیاں میں خطاب کیا،سماعت کا حکمنامہ جاری کریں گے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو عدم حاضری پر استثنیٰ دےدیا۔
دریں اثنا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے مشیر وزیراعظم رانا ثنا، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری ،وفاقی وزیر اویس لغاری اور معاون خاص برائے وزیر اعظم حذیفہ رحمن کو نوٹس جاری کردئیے۔
ادھر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب حلقہ این اے 96فیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ن لیگی امیدوار بلال چودھری کو 50ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا،جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں کیس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائیگا، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت اور فوری ایکشن ہوگا۔
















