مظفرآباد (مشرق نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔ تحریک عدم اعتماد پر 17 اراکین سے زائد کے دستخط موجود ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والوں میں جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، ملک ظفر اور علی شان سونی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کر دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کہتا تھا پیپلزپارٹی آپسی مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کرتی ہے، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پیپلزپارٹی کے دل کے قریب ہے، پوری کوشش کریں گے کشمیریوں کیلئے آسانیاں لیکر آئیں، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، ہمارے پاس تعداد پوری ہے تو کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع
















