ججز کی مدت ملازمت 70سال ،آئینی بنچ کی جگہ 9 رکنی عدالت، 27ویں ترمیم کا خاکہ تیار
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ کی جگہ 9 رکنی عدالت ،ججز کی مدت ملازمت 70 سال ،حکومت نے 27ویں ترمیم کےلئے قانونی مسودے کا خاکہ تیار کرلیا،وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بلا لیا،منظوری کے بعد ترمیمی بل سینٹ میں پیش کیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد 27 ویں ترمیم پر غور کےلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے گی،سینٹ کا ایوان ترمیم کے جائزے کےلئے قومی اسمبلی کےساتھ مشترکہ کمیٹی کی منظوری دے گا،چیئرمین سینٹ کمیٹی کےلئے سپیکر قومی اسمبلی سے نام طلب کریں گے ،مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی صدارت فاروق ایچ نائیک کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے،کمیٹی کو ترمیم پر غور کےلئے 2دن کا وقت دیا جائےگا،اجلاس ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہیں گے،کمیٹی رپورٹ پیر کے روز سینٹ میں پیش ہوگی،منظوری کے بعد ترمیمی مسودہ قومی اسمبلی میں متعارف کرایا جائےگا۔
رپورٹ کے مطابق 27ویںترمیم کی منظوری کا حتمی مرحلہ 14 نومبر کو قومی اسمبلی میں متوقع ہے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سینٹ میں ترمیمی مسودہ پیش کرتے وقت اہم نکات پر بریف کرینگے۔
ادھر تیار کیے گئے حکومتی مسودے کے مطابق آئینی بنچ کی جگہ 9کنی آئینی عدالت قائم کی جائےگی، سپریم کورٹ ،آئینی عدالت کے ججوں کی عمر کی بالائی حد 68 سے 70 سال تک کرنے کی تجویز ہے،چیف الیکشن کمشنر کے تقرر میں ڈیڈ لاک کی صورت میں معاملہ سپریم جوڈیشل کمیشن کے سپرد کیا جائےگا، اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی تقرری میں صدر، وزیراعظم کا کردار کم کر کے جوڈیشل کمیشن کا بڑھایا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کو آئینی طور پر مزید بااختیار بنانے پر تیار نہیں، بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کی تجویز پر مزید مشاورت کی جائےگی،آرٹیکل 243 میں ترمیم کے ذریعے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دیا جائےگا، فیلڈ مارشل کو آئینی اختیارات بھی دیئے جائیں گے، مجوزہ آئینی ترمیم کے تحت فیلڈ مارشل کا ٹائٹل تاحیات رہے گا،مجوزہ ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ میں وفاق کو صوبوں کے شیئر سے مزید 10فیصد حصہ دینے کی تجویز ہے ،تعلیم ،صحت کے شعبے وفاق کو دینے پر اتفاق رائے پیدا کیا جائےگا۔
















