ریاض (مشرق نیوز) وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر مصطفی کمال اور سعودی ہم منصب فہد الجلاجیل کی ریاض میں ملاقات ہوئی جہاں دونوں رہنماوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے بات چیت کی، اس موقع پر صحت کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات ریاض میں منعقدہ 9ویں فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو کے موقع پر ہوئی جس میں وزیر صحت مصطفی کمال وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں شریک پاکستانی وفد کا حصہ ہیں، اسلام آباد اور ریاض کے درمیان طویل عرصے سے سفارتی تعلقات قائم ہیں اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے دفاع، معیشت اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں کی ہیں۔
پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ 2 آخری ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے، اگرچہ دنیا بھر سے اس وائرس کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم سکیورٹی مسائل، ویکسین سے ہچکچاہٹ اور غلط معلومات کے باعث پیشرفت میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔ وزارت صحت کے ترجمان سجاد شاہ کے مطابق دونوں وزرا نے پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے خاتمے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی اور آئندہ پولیو مہم کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے وزیر صحت مصطفی کمال کے حوالے سے بتایا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اس مرض کے خاتمے کیلئے مکمل اتحاد کے ساتھ اقدامات کئے جا رہے ہیں، مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران اب تک 4 قومی انسداد پولیو مہمات کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں، جن میں 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے، وزیر صحت کے مطابق ان مہمات کے نتیجے میں کیسوں میں نمایاں کمی آئی، تاہم اس مشن کی تکمیل ابھی باقی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق سعودی وفد نے پاکستان کی جانب سے پولیو کے خلاف کئے گئے اقدامات کو سراہا اور آئندہ بھی اس سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ رواں برس اب تک ملک بھر میں پولیو کے کم از کم 30 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، سال 2024 میں پاکستان میں کم از کم 71 کیس رپورٹ ہوئے تھے اور وائرس تقریبا 90 اضلاع میں پایا گیا تھا۔
پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج بیماری ہے، جو عمر بھر کیلئے مفلوج کر سکتی ہے، اس سے بچاو¿ کا واحد موثر طریقہ 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر مہم کے دوران بار بار پولیو کے قطرے پلانا اور تمام بنیادی ویکسی نیشن مکمل کرنا ہے۔
مصطفی کمال کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، پولیو کے خاتمے پر تبادلہ خیال
















