اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کے پی حکومت سزا یافتہ شخص کی مشاورت پر چلاناآئین کے منافی ہے،صوبائی حکومت کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے۔
اپنے بیان میں طلال چودھری نے کہاوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت یا مشاورت سے کابینہ کی تشکیل کے اعلانات آئین و عدالتی فیصلوں کے منافی ہیں،آئین پاکستان کسی ایسے شخص کو جو عدالت سے سزا یافتہ یا جیل میں قید ہو، حکومتی یا انتظامی فیصلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دیتا، ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں بھی عدالت عظمیٰ نے واضح کیا تھا جیل میں موجود شخص کے فیصلے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہوتی۔
وزیر مملکت نے کہا پی ٹی آئی کی جانب سے ”بانی“ کے فیصلوں کو پارٹی پالیسی قرار دینا خود جماعت کے آئین کی خلاف ورزی ہے، پارٹی کا آئینی ڈھانچہ صرف چیئرمین کے عہدے کو تسلیم کرتا ہے اگر کسی صوبے کی حکومت آئینی ذمہ داریوں کو پس پشت ڈال کر کسی سزا یافتہ شخص کی مشاورت سے فیصلے کرے گی تو نہ صرف آئینی بحران پیدا کرے گا بلکہ عوامی مینڈیٹ کی توہین بھی ہوگی۔
طلال چودھری نے کہا موجودہ وفاقی حکومت آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، کسی ”نیازی لا “ یا ذاتی قانون کے تصور کو قبول نہیں کیا جاسکتا، ملک میں قانون سب کےلئے برابر ہے، کسی فرد واحد کو آئین سے بالاتر حیثیت نہیں دی جا سکتی، خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت اپنی صوابدید کے مطابق آزادانہ فیصلے کرے۔
کے پی حکومت سزا یافتہ شخص کی مشاورت پر چلاناآئین کے منافی ہے،طلال چودھری
















