خضدار ،دہشتگردوں کا تعمیراتی کیمپ پر حملہ، 18 مزدور اغوا، گاڑیاں نذر آتش

کوئٹہ(بیورورپورٹ)خضدار میں دہشتگردوں کا تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ ،18 مزدوروں کو اغوا کرکے متعدد گاڑیوں ،مشینری کو آگ لگا کر تباہ کردیا۔

حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات خضدار سے تقریباً 80 کلومیٹر دور نال کے علاقے کلیڑی میں پیش آیا، درجنوں مسلح افراد نے سب سے پہلے شاہراہ کو بلاک کر کے ٹریفک روکی پھر نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ اور کرش پلانٹ پر دھاوا بول دیا،کمپنی خضدار کو ضلع واشک کے علاقے بسیمہ سے جوڑنے والی اہم سڑک کی تعمیر پر کام کر رہی تھی۔

علاقے کے لیویز انچارج علی اکبر نے کہا دہشتگردوں نے کرش پلانٹ پر حملہ کر کے گاڑیوں ،مشینری کو آگ لگا دی ،کم از کم 8 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، بھاری مشینری اور ٹرانسپورٹ وہیکلز شامل ہیں۔

مسلح افراد کیمپ میں موجود مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے کر فرار ہو گئے، اغوا ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔