نیٹ میٹرنگ لوڈ سے سسٹم کے استحکام کو خطرہ ہے،سیکرٹری پاور ڈویژن


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا ہے ملک میں نیٹ میٹرنگ 6 ہزارمیگاواٹ تک جاپہنچی ،گرڈ پر نیٹ میٹرنگ کا لوڈ بڑھنے سے سسٹم کے استحکام کو خطرہ ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کوبریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پاور نے کہا سولر کی وجہ سے گرڈ سسٹم پر بوجھ ،نیٹ میٹرنگ انقلاب برپا کر رہا ہے ،آف گرڈ سولر کی صلاحیت 12ہزارمیگاوٹ سے بڑھ چکی ، آف گرڈ سولر کا تخمینہ سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے لگایا گیا، گرڈ پر نیٹ میٹرنگ کا لوڈ بڑھنے سے سسٹم کے استحکام کو خطرہ ہے تاہم کوشش کررہے ہیں ملک کو لوڈشیڈنگ فری کیا جائے۔

سیکرٹری پاور نے کہا گرڈ و نیٹ میٹرنگ سے پیدا ہونے والی بجلی کا موازنہ نہیں ہوسکتا، گرڈ کی بجلی میں 14روپے کیپسٹی اور 9 روپے ٹیکسز شامل ہیں جبکہ نیٹ میٹرنگ سے پیدا ہونے والی بجلی سستی ہے۔