ٹی ایل پی کیخلاف گرد گھیرا تنگ ،چھاپے،غیر ملکی کرنسی ودیگر سامان برآمد

لاہور،راولپنڈی،مریدکے،شیخوپورہ،مریدکے:(کرائم رپورٹر،نمائندگان) ٹی ایل پی قیادت وکارکنوں کیخلاف دہشتگردی، ڈکیتی سمیت درجنوں مقدمات درج، دفاتر،سٹورز پر چھاپے، کروڑوں روپے ، طلائی زیورات ، قیمتی سامان ضبط،متعدد گرفتار،17کارکن جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے سپرد،سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں کےخلاف کریک ڈاﺅن ،کئی واٹس ایپ ،فیس بک اکاﺅنٹس ٹریس ،پولیس نے سعد اور انس رضوی کا سراغ لگا لیا، خود سپردگی کی ہدایت کردی گئی۔

مقدمات راولپنڈی،مریدکے،لاہور ودیگر شہروں میں دہشتگردی ، اقدام قتل ، ڈکیتی سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیے گئے،پولیس نے سوشل میڈیا پر جھوٹی ،بے بنیاد خبریں شیئر کرنے ، انتشار پھیلانے والے 39افراد کو گرفتار کرلیا، 200سے زائد کی گرفتاری کےلئے اگلا مرحلہ جلد شروع کیا جائےگا۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے سرکاری وعوام کی املاک کونقصان پہنچانے کے مقدمے میں مذہبی جماعت کے گرفتار 17 کارکنوں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔

ادھر پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کےخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کے دفاتر ،سٹورز پر چھاپے مارے،اسلحہ، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں، کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت حساس انٹیلی جنس رپورٹ پر کی گئی،سامان کی ضبطی پولیس ایکٹ و انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت ہوئی،موقع پر موجود مجسٹریٹ کی جانب سے ضبطی کارروائی کی نگرانی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ضبط سامان میں لیپ ٹاپس، ہارڈ ڈرائیوز، موبائل فونز، سوشل میڈیا ڈیٹا، پارٹی لٹریچر، چندہ رجسٹر، تنظیمی مواد ،حساس نوعیت کی ویڈیوز،طلائی چوڑیاں ،کڑے ، بریسلٹ ،کانٹے ،ہار، چین ،لاکٹ ،انگوٹھیاں،طلائی زیوارت شامل ہیں،مختلف برانڈز کی 69 گھڑیاں ، متفرق چیزیں ، غیر ملکی کرنسی بھارتی روپے ،یوروز ،ریال ،پاﺅنڈز ،ہانک کانگ ،کینیڈین ڈالر، یو اے ای درہم ، ملیشن کرنسی ،یوایس ڈالر،عراقی دینار ،پاکستانی 7کروڑ 17لاکھ65ہزارروپے بھی ضبط کیے گئے۔

دریں اثنا سعد ،انس رضوی کا سراغ لگا لیا ،خفیہ ذرائع و ٹیکنیکل ٹریکنگ کی مدد سے ٹھکانہ معلوم کیا گیا،سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ اور کارروائی کےلئے تیار ہیں، دونوں رہنماو¿ں کو پرامن طریقے سے خودسپردگی کی ہدایت کردی گئی۔

پولیس کے مطابق اگر زخمی ہیں تو ریاست طبی سہولیات فراہم کرے گی بشرطیکہ خود کو قانون کے حوالے کریں تاحال زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی،چھپنے کی کوئی جگہ باقی نہیں بچی،گرفتاری ہر صورت یقینی بنائیں گے، دونوں رہنماوں کا دائرہ محدود کر دیا ، کسی نے رہنماﺅںکی معاونت کی تو سخت قانونی کارروائی ہوگی، ریاست نے نرمی کا دروازہ کھلا رکھا ہے مگر قانون سے بھاگنے کی اجازت نہیں دی جائےگی، اب فیصلہ سعد ،انس رضوی کو کرنا ہے، مزاحمت یا خودسپردگی؟۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں ٹی ایل پی کے پر تشدد احتجاج و قانون نافذ کرنےوالے اداروں پر حملے کے بعد انتشار پسند مظاہرین کو منتشر کردیا ،پر تشدد احتجاج میں پولیس افسر شہید ،درجنوں اہلکار زخمی ہوئے، انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور احتجاج کو کم متاثرہ مقام پرکرنے کی ہدایت کی، مذاکرات کے دوران احتجاجی قیادت نے ہجوم کو اکسانا جاری رکھا، ہجوم نے پتھراو، کیلوں والے ڈنڈے ،پٹرول بموں سمیت تشدد آمیز ہتھکنڈے استعمال کیے، پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کرفائرنگ کی گئی۔

پولیس نے بڑے سانحہ سے بچنے کی کوشش میں آنسو گیس و لاٹھی چارج کیا ،مظاہرین نے مزید مشتعل ہو کرمنظم حملے کیے ،کم از کم 40 سرکاری و نجی گاڑیاں ،کئی دکانیں نذز آتش کی گئیں، تشدد کے دوران 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ابتدائی تفصیلات کے مطابق تصادم میں 3 ٹی ایل پی کارکن ، ایک راہگیر جاں بحق ،30 کے قریب شہری زخمی ہوئے،مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس سمیت متعدد گاڑیاں اغوا کرکے احتجاج میں استعمال کیں، عینی شاہدین کے مطابق بعض گاڑیاں عوام کو کچلنے کےلئے بھی چلائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق شر پسند عناصر نے پتھر، پٹرول،بم ،کیلوں والے ڈنڈوں سے منظم حملے کیے، متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، متعدد ملزموں کو گرفتار کیا،کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی ،قیادت نے ہجوم کو اکسانے کا کردار ادا کیا، قیادت نے خود فرار ہو کر شہریوں و ریاست کو خطرے میں ڈال دیا، ہتھیار چھیننا، پٹرول بم ،گاڑیاں جلانا کسی بھی طرح پرامن احتجاج نہیں کہلاتا،بےگناہ راہ گیر کی ہلاکت قومی لمحہ فکریہ ہے، ریاست کی ذمہ داری شہری جان و املاک کے تحفظ کےلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔