عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (مشرق نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماوں عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ اے ٹی سی اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے تینوں رہنماوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مقدمات کی سماعت کی، جس میں عدالت نے عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی، جج نے ریمارکس دیئے کہ یہ تمام لوگ ایک دفعہ بھی اس مقدمے میں پیش نہیں ہوئے۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔