لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب ،سندھ میں کارکردگی کے مقابلے میں شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا سندھ میں ایسی ترقی ہورہی جو نظر نہیں آرہی، شوق ہے تو آجائیں مناظرہ کرلیں،پیپلز پارٹی سندھ میں 17 سالہ دور حکومت کے باوجود 17 عوامی فلاحی منصوبے بھی نہیں گنوا سکتی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صرف ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کیے ،50 مکمل ہو چکے،مریم نواز نے عوامی خدمت کے کئی انقلابی منصوبے متعارف کرائے ،اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت 90 ہزار گھر، 80 ہزارسکالرشپس، کسانوں میں ساڑھے 9 ہزار ٹریکٹرز کی تقسیم، طلبہ کو 27 ہزار الیکٹرک بائیکس ، جدید ترین لیپ ٹاپس کی فراہمی شامل ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہزار بیڈ کا کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، الیکٹرک بسیں ،مفت ادویات کی سہولت بھی پنجاب کے عوام کےلئے دی جا رہی ہے،مریم نواز حکومت کو ابھی 2سال بھی مکمل نہیں ہوئے مگر کارکردگی سب کے سامنے ہے، آجائیں، کارکردگی کا مقابلہ کرتے ہیں، مناظرے کےلئے تیار ہوں، قوم کے سامنے سب کچھ واضح ہو جائے گا، کراچی کے عوام بھی لاہور کی سڑکوں ،صفائی کی تعریف کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ کے امدادی چیک دینے جا رہی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے بی آئی ایس پی کے ذریعے زبردستی پنجاب میں صرف 10 ہزار امداد پر اکتفا کیا جائے،کوئی اعتراض نہیں آپ سندھ کے متاثرین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد دیں لیکن پنجاب میں مریم نواز متاثرین کو زیادہ اور براہ راست سہولت دے رہی ہیں۔
سندھ میں17منصوبے گنوا کر دکھائیں‘عظمیٰ بخاری کا شرمیلا فاروقی کو چیلنج
















