مودی نے سیاست کیلئے کرکٹ کی سپرٹ تباہ کردی: خواجہ آصف

اسلام آباد (مشرق نیوز) بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست کو گھسیٹنے پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مودی نے اپنی سیاست کیلئے کرکٹ کی سپرٹ تباہ کر دی۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ کرکٹ کے کلچر اور سپرٹ کو تباہ کرکے مودی اپنی سیاست بچانے کیلئے برصغیر میں امن امکانات اور مسائل کے حل کیلئے چانسز ختم کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، پاک بھارت جنگ کا سکور 0-7 پتھر پر کندہ ہوگیا ہے، ہم تو کچھ نہیں کہہ رہے، مودی بھارت اور دنیا دونوں میں خوار ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے سپورٹس مین سپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا، فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ٹرافی تصویر بھی نہیں بنوائی۔

فائنل میچ کے بعد بھارتی بورڈ کی ایما پر بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی بھی برقرار رہی اور بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا، بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔