پنجاب ،کے پی میں صوبے بن سکتے ہیں توسندھ میں کیوں نہیں؟ ،ایم کیو ایم

کراچی:(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم وکنونیئر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کراچی کی تقسیم جائز ہے تو سندھ کی غلط کیسے ؟ پنجاب ، کے پی میں صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں ۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہاصرف اتنا سچ بولوں گا جتنی جمہوریت آزاد ہے کیونکہ میں نے نصف زندگی جلا وطنی میں گزاری ،کراچی دنیا کی مدد کررہا ہے لیکن شہر قائد کی کوئی مدد نہیں کررہا، ماضی میں امریکی صدر لندن بی جانسن نے پاکستان ،بھارت کا دورہ کیا، بھارت نے لندن بی جانسن سے ایم آئی ٹی یونیورسٹی کا مطالبہ کیا اور پاکستان نے گندم مانگی، مطالبات کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے،دنیا کی بڑی کمپنیاں تو اب ڈگری کا مطالبہ ہی نہیں کررہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا 1993میں ایم کیو ایم نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا تب کون سے حالات بہتر ہوئے،پی ٹی آئی کے کسی ایک نمائندے نے بھی کراچی کیلئے آواز اٹھائی،شہر قائد میں شناخت کا بحران پیدا ،صنعت کو جاگیرداروں کے ہاتھ سونپ دیا گیا،لسانیت کی بنیاد پر مہاجروں نے سب سے آخر میں تنظیم بنائی، بھٹو صاحب نے کوٹہ سسٹم سندھ میں لاگو کیا، پنجاب کے کسانوں کی فکر کیوں نہ ہوئی؟،17 سال سے حکومت ایم کیو ایم کے پاس نہیں ،اقوامِ متحدہ ،عالمی بینک کراچی کو زندگی کے قابل شہر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، کلک جیسے پروگرام شروع کیے جارہے ہیں، 1970 اور 2008 سے قبل پاکستان بہتر تھا بعد میں ایسا کیا ہوگیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا ملک میں تجارتی خسارہ نہیں البتہ اعتماد کا خسارہ ضرور ہے، معاشی نہیں نیتوں کا بحران ہے، مالی دیوالیہ کو رو رہے ہیں ،اخلاقی زوال ہو چکا ،اسلام آباد کچھ نہیں کریگا، کراچی چیمبر آئے تعلیم میں شراکت داری کرے،چندے اور بھتے میں صرف روئیے ،پالیسی کا فرق ہے،صوبے کے مطالبے کو غداری قرار دینا خود سب سے بڑی غداری ہے،ایم کیو ایم کے بنائے گئے سکول 17 سال سے ویران پڑے ہیں۔