موجودہ حالات میں کیپسٹی چارجز کو صرف ”معجزہ“ ہی کم کر سکتا ہے،نیپرا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نیپرا نے ملک میں صلاحیتی چارجز (سٹینڈرڈ کاسٹ) پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ حالات میں صرف کوئی ”معجزہ“ ہی کمی لا سکتا ہے،ریمارکس نیپرا کے رکن (ٹیکنیکل) رفیق احمد شیخ نے 11ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے ”یوز آف سسٹم چارجز“ کے تعین کی درخواستوں پر عوامی سماعت کے دوران دئیے۔

حکومت کی جانب سے 800 میگاواٹ بجلی کے نیلامی منصوبے، ”کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ“ کے مختلف ماڈلز پیش کیے گئے تاہم نیپرا نے شدید اعتراضات اٹھائے اور واضح کیا سٹینڈرڈ کاسٹ فریم ورک کی منظوری کے بغیر ماڈل پر عملدرآمد ممکن نہیں۔

ڈسکوز نے موقف اپنایا موجودہ ٹیرف ڈھانچے میں صنعتی صارفین پہلے ہی 2 حصوں پر مشتمل نظام کے تحت بل ادا کر رہے ہیں ،ایک فکسڈ اور دوسرا متغیر چارج شامل ہے،نیپرا ممبران نے نشاندہی کی صلاحیتی چارجز کی بلند شرح بجلی نرخوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے،سماعت کے دوران سوال کیا گیا صلاحیتی چارجز کب ختم ہوں گے تو ممبر نیپرا رفیق شیخ نے جواب دیاکوئی معجزہ ہی کر سکتا ہے۔