مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ ناقابل قبول ہے یہ بغاوت تھی، بانی پی ٹی آئی 9 مئی پر ندامت، شرمندگی اورمعافی کا اظہار کریں تو بات آگے چل سکتی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان تنہائی کا شکار ہوچکا تھا، دوست ہم سے ناراض تھے ،وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان کا وقار بحال ہوا، دوست دوبارہ قریب آئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ میں جیت سے پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا، اس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت دنیا آج پاکستان کی معاشی اور دفاعی طاقت کی معترف ہے، امریکہ بھارت کو چھوڑ کر پاکستان کے بہت قریب آگیا، ہماری میزائل ٹیکنالوجی اور ائیر فورس بہت سپرئیر ہے جسے امریکہ بھی مان رہا ہے، ہمارے جے ایف 17طیاروں نے بھارت کے جدید رافیل گرائے ، دنیا نے بھارت کا تکبر خاک میں ملتا دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی تھا معیشت تباہ ہوچکی تھی۔ شہباز شریف کی دن رات کی محنت نے پاکستان کو معاشی میدان میں مستحکم کردیا۔ اب ایران، ملائیشیا، بنگلہ دیش، عرب ممالک سمیت کئی ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کے چاول، مکئی، گوشت اورزرعی آلات کے معاہدے ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑ کر آبی جارحیت کی ،پاکستان کی بہتر حکمت عملی سے زیادہ نقصان نہیں ہوا ،حکومت متاثرہ سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔دریں اثناءوفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے تحصیل شرقپور شریف کے دیہات نانو ڈوگر، نول، نور پور اور بھولے شاہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیااور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر شرقپور انعم اکرم اور دیگر افسران۔ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ان کی ٹیم اس مشکل گھڑی میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی 9 مئی پر ندامت کا اظہار کریں تو بات آگے چل سکتی ہے: رانا تنویر حسین
















