پی ٹی آئی سرکاری مشینری سے الیکشن جیتنے کی خواہشمند ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد، سیالکوٹ (بیورو رپورٹ) وزیردفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر ضمنی انتخاب سے متعلق بیان میں کہا پی ٹی آئی عوامی اعتماد سے نہیں سرکاری مشینری سے الیکشن جیتنے کی خواہشمند ہے،خیبر پختونخوا میں دھاندلی کے سہارے کھڑے ہیں لیکن پنجاب میں عوامی فیصلہ سہنے کی ہمت نہیں،پنجاب میں شکست کا ڈر مگر خیبرپختونخوا میں دھاندلی کا سہارا لیا جائے گا جو ٹوٹل دو نمبری ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرخواجہ آصف نے ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا جہاں کرسی اور حکومت ہو، وہاں الیکشن شوق سے مگر جہاں عوام کا اصل فیصلہ ہو، وہاں بائیکاٹ ہو، خیبرپختونخوا میں الیکشن لڑنے کو تیار ہیں کیوں کہ وہاں اپنی حکومت ہے اور اپنی مرضی کا نتیجہ نکال سکتے ہیں مگر پنجاب میں الیکشن سے راہ فرار ہے کیوں کہ وہاں عوام کی طاقت سے شکست یقینی ہے،وزیر دفاع نے مزید کہا خیبرپختونخوا میں دھاندلی کے سہارے کھڑے ہیں لیکن پنجاب میں عوامی فیصلہ سہنے کی ہمت نہیں، یہ الیکشن نہیں بلکہ اپنی مرضی کا کھیل ہے جہاں جیت کا یقین، وہاں مقابلہ اور جہاں ہار یقینی ہو وہاں بائیکاٹ کیا جائے،مزید بر آں وزیر دفاع خواجہ آصف نے نالہ ایک کا ہنگامی دورہ کیا،وفاقی وزیر نے نشیبی علاقوں میں پانی کے بہاو اور خطرات کا جائزہ ، نکاسی آب کے نظام کا مشاہدہ کیا،خواجہ آصف نے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا پانی کا خطرہ ابھی کم ہوا ہے لیکن ٹلہ نہیں ، دوبارہ سیلاب آنے کا اندیشہ ہے، پانی میں بھارتی شہریوں کی لاشیں بھی بہہ کر آئی ہیں۔