لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بھارت نے راوی میں اچانک پانی چھوڑا ، بھارت کے دریاوں میں پانی چھوڑنے پر صورتحال زیادہ خراب ہوئی، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کر لئے گئے ہیں، پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں 30 سالہ بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے، صرف سیالکوٹ میں 405 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جس سے شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا تھا تاہم چند گھنٹوں میں نکاسی کا عمل مکمل کر لیا گیا،سیلاب سے قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن سمیت کئی اضلاع متاثر ہوئے ، دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں 38 برس بعد سیلاب آیا ، پنجاب میں تاحال کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کچھ لوگوں کو وزیراعلیٰ مریم نواز کے دورہ جاپان سے تکلیف ہوئی، ایسے لوگ قابل ترس ہیں، یہ کارکردگی میں مقابلہ نہیں کر سکتے صرف تنقید کرتے ہیں،صوبائی وزیر قانون صہیب احمد برتھ نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جاپان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، 30 سال بعد کسی پاکستانی رہنما نے جاپان کا دورہ کیا جہاں سرمایہ کاری، روڈ و ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر اور ایمرجنسی سہولتوں پر بات چیت ہوئی، دورے سے صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا تمام ادارے سیلابی صورتحال میں کام کررہے ہیں،جاپان میں ہمارے چیف منسٹر کے ستھرا پنجاب پروگرام کو سراہا گیا، روزانہ50 لاکھ ٹن کوڑا اٹھا رہے ہیں، جاپان نے واٹر ٹریٹمنٹ اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا وزٹ کیا، پنجاب کے 13شہروں میں کام شروع کیا جائے گا۔
بھارت نے راوی میں اچانک پانی چھوڑا ،بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا:عظمیٰ بخاری
















