ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) ایس آئی ایف سی کے 2 سال کے دوران ملکی ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سپیشل انوسٹمنٹ فیسلٹی کونسل کے دوسرے سال میں پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے جسے ملکی و غیر ملکی ماہرین، اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی سراہا ہے۔

معیشت، سرمایہ کاری، برآمدات اور اصلاحات کے میدان میں ایس آئی ایف سی نے ایسے ٹھوس اقدامات کیے ہیں جن کے اثرات ملکی اقتصادی منظرنامے پر واضح طور پر محسوس کئے جا رہے ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں غیر معمولی 28.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو بڑھ کر 34.89 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 38 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ان ترسیلات زر کا 70 فیصد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ سے موصول ہوا۔

اسی طرح برآمدات کے شعبے میں بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی، جہاں صرف یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 8.62 فیصد اضافہ ہوا اور 10 ماہ کے دوران یہ بڑھ کر 7.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ خاص طور پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی مانگ میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایس آئی ایف سی کی مربوط اور موثر پالیسیوں کی بدولت عالمی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں قرار دیا جب کہ موڈیز نے ملکی آو¿ٹ لک کو مثبت کر دیا۔ اسی طرح، امریکی ایجنسی فچ ریٹنگز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو '+CCC' سے بڑھا کر '+B' کر دیا، جو معاشی بہتری کا بڑا اشاریہ ہے۔

سرمایہ کاری کے میدان میں بھی مثبت رجحانات سامنے آئے جن میں ربڑ کی مصنوعات میں 163 فیصد اور سماجی خدمات کے شعبے میں 416 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ تعمیرات اور سیمنٹ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری مستحکم رہی جب کہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں بھی تیزی آئی۔

مزید برآں پاکستان نے چین میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس سے حاصل شدہ فنڈز جدید زراعت، فارمنگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔ ماحول دوست منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے پہلے ”گرین سکوک“ کا اجرا بھی کیا گیاجس کے تحت 30 ارب روپے کی رقم 3 نئے ڈیمز سمیت مختلف توانائی منصوبوں کیلئے مختص کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1.4 ارب ڈالر کے پائیدار ترقیاتی فنڈ کی منظوری بھی دی ہے جسے موسمیاتی استحکام، صاف توانائی اور مجموعی اقتصادی استحکام کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایس آئی ایف سی کی ان کامیابیوں کو بھارتی سازشوں کی ناکامی اور قومی ترقی کی فتح قرار دیا اور کہا کہ یہ سب کچھ مربوط حکمت عملی اور قومی یکجہتی کے باعث ممکن ہو سکا ہے۔