اسلام آباد:(بیورورپورٹ)یورپی یونین پاکستان کو 2کروڑ یورو امداد فراہم کرےگا ،معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے پر یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا ،سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کیے ،منصوبہ یورپی یونین کے طویل مدتی اشارتی پروگرام 2021-2027 کے تحت مالی معاونت حاصل کرے گا۔
وفاقی وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدے کے تحت بہتر طرز حکمرانی اور کاروباری ماحول کے عنوان سے پروگرام شروع کیا جائے گا، معاہدہ پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کےلئے دونوں فریقین کے مشترکہ عزم کی توثیق ہے۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے یورپی یونین کے مسلسل تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اقدام نہایت بروقت اور اڑان پاکستان کے نجی شعبے کی ترقی و ادارہ جاتی اصلاحات کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے تاکہ پاکستان میں ذمہ دار سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا معاہدہ پاکستان کو مضبوط، جامع اور مسابقتی معیشت بنانے میں مدد دینے کےلئے یورپی یونین کے عزم کا مظہر ہے،خواتین کی زیر قیادت کاروباروں اور نجی و سرکاری شراکت داریوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کا مستقبل زیادہ پائیدار و خوشحال ہو،یورپی یونین کا پاکستان کےساتھ ترقیاتی تعاون موسمیاتی تبدیلی، بہتر طرز حکمرانی، انسانی حقوق اور پائیدار اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے ،نیا اقدام مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کی ایک اور عملی مثال ہے۔
یورپی یونین پاکستان کو 2کروڑ یورو امداد فراہم کرے گا، معاہدے پر دستخط
















