شرپسند عناصر کو بیٹوں کے ذریعے فساد کی اجازت نہیں دینگے،عظمیٰ بخاری

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے محرم الحرام کے دوران پنجاب حکومت کے انتظامات انتہائی شاندار و منظم رہے، عالمی حالات کے تناظر میں رواں سال محرم الحرام حساس تھا لیکن حکومتی حکمت عملی، علما کرام کی رہنمائی ،عوام کے تعاون سے عشرہ بخیر و عافیت گزر گیا، مذہبی ہم آہنگی کی فضا قابل تحسین رہی، علما کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایوارڈ کےلئے نامزد کرنا ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعلیٰ ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ،مقصد پنجاب کو جرائم سے پاک بنانا ہے،سی سی ڈی کی شاندار کارکردگی سب کے سامنے ہے،سوشل میڈیا پر سی سی ڈی کی کارروائیاں نمایاں موضوع ہیں، چند دنوں میں 1509اشتہاریوں کو گرفتار،600مغوی بچوں کو بازیاب کرایا گیا، لاہور میں جرائم کی شرح میں 68فیصد تک کمی آگئی،سی سی ڈی امریکی ایف بی آئی طرز پر بنائی گئی صوبائی ایجنسی ہے جو بڑی وارداتوں ،پیچیدہ مقدمات کی تفتیش کےلئے موثر حکمت عملی کےساتھ کام کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے صوبے کی کسی سڑک پر کوئی جرائم پیشہ رکاوٹ نہیں بن سکتا، کل تک کن ٹوٹے اور غنڈے بن کر پھرنے والے ویڈیوز میں معافی مانگتے دکھائی دے رہے ہیں،پی ٹی آئی دور میں لوٹے گئے 10کھرب روپے مریم نواز کے سر تھوپنے کی کوشش کی گئی،پچھلے دور حکومت میں عثمان بزدار، پرویز الٰہی، فرح گوگی نے گندم کا پیسہ کھایا۔

عظمیٰ بخاری نے کچے کے ڈاکوﺅں کو خبردار کرتے ہوئے کہا اب پنجاب پولیس کے پاس جدید اسلحہ و حکمت عملی موجود ہے، اپنی خیر منائیں،کچھ یوٹیوبرزپاکستان کی خدمت نہیں بلکہ تخریب کارانہ ذہنیت کو فروغ دے رہے ہیں،پنجاب حکومت کا ہر قدم شفافیت، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کےلئے ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا شرپسند عناصر کو بیٹوں کے ذریعے فساد کی اجازت نہیں دینگے،جمائما کے بیٹے والد کے زخمی ہونے پر نہیں آئے اب پاکستان کی یاد ستا رہی ،بیٹی کو بھی پورا حق ہے آکر ملے۔