اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)ن لیگ نے جے یو آئی کو خیبرپختونخوا میں سینٹ الیکشن ملکر لڑنے کی پیشکش کردی،مشیر وزیر اعظم رانا ثنا کی سربراہی میں حکومتی وفد کی فضل الرحمن سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق فضل الرحمن نے معاملے پر پیپلزپارٹی سے مشاورت کا مشورہ دیا اور حکومتی تجویز پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی،ن لیگ نے موقف اپنایا ملکر الیکشن لڑیں تو زیادہ نشستیں نکال سکتے ہیں۔
امیر جے یوآئی نے ن لیگ کی پیش کش کا مثبت جواب دیتے ہوئے کہا آپ کی تجویز سر آنکھوں پر مگر پیپلزپارٹی کو بھی ساتھ ملانا زیادہ بہتر ہوگا، رانا ثنا نے جواب دیا پیپلزپارٹی سے بھی بات کر رہے ہیں لیکن پہلے آپ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا، فضل الرحمن نے یقین دہانی کرائی وہ حکومتی تجویز جی یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کا وفد آئندہ چند روز میں پیپلزپارٹی سے بھی ملاقات کرے گا اگر پیپلزپارٹی آمادہ ہوئی تو تینوں جماعتیں مل کر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینٹ الیکشن لڑیں گی، حکمران جماعت معاملے پر عوامی نیشنل پارٹی کو بھی اعتماد میں لے گی۔
آئیں! کے پی میں سینٹ الیکشن ملکر لڑیں،ن لیگ کی جے یو آئی کو پیشکش
















