شہباز سے بلاول کی ملاقات،کامیاب سفارتی دورے پر بریفنگ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی اورکامیاب سفارتی دورے پر بریفنگ دی۔

شہبازشریف نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکہ، برطانیہ ،یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر اراکین کو خراج تحسین پیش کیا،وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

وزیراعظم نے کہاعالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی بھرپور و بہترین ترجمانی پر سب کو مبارک پیش کرتا ہوں، آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمن، مصدق ملک، حنا ربانی کھر، بشریٰ انجم بٹ ،فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر ،جلیل عباس جیلانی ،تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کےساتھ پوری دنیا میں اعتراف ہورہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا، وفد نے پہلگام سے لےکر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر و احسن انداز میں پیش کیا،قوم کی دعاوں ،بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اٹھانا پڑی،بجٹ میں تنخواہ داروں سمیت سب طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش گئی، بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں بشمول پیپلز پارٹی کا تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں،مجھے امید ہے آپ سب کی رہنمائی، تعاون اور تجاویز سے داخلی و خارجی چیلنجز میں سرخرو ہوں گے۔