عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں: سلمان رفیق

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب میں آئی ڈی ایس آر لیبارٹری نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے یوکے ایچ ایس اے کی سینئر قیادت نے ملاقات کی،اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل، ڈاکٹر سعید اختر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پبلک ہیلتھ لیب و دیگر افسران موجود تھے۔

کنٹری اور ایمرو لیڈ یو کے ایچ ایس اے ڈاکٹر سرتاج نے حکومت پنجاب سے پبلک ہیلتھ لیب نیٹ ورک کیلئے تکنیکی معاونت کی پیس کش بھی کی،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وفد کی جانب سے پبلک ہیلتھ لیب نیٹ ورک کے قیام کیلئے تکنیکی معاونت کی پیش کش کو سراہا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاحکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، پبلک ہیلتھ لیب نیٹ ورک کے قیام کے بعد ہم انفیکشیئس ڈیزیزز کو موثر رسپونڈ کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔