”میٹ مارکیٹ“کاتعمیراتی کام 30جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن
لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تاریخی ٹولٹن مارکیٹ میں پنجاب کی پہلی عالمی معیار کی ”میٹ مارکیٹ“کا دورہ کر کے 30جون تک تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دےدی ۔
” میٹ مارکیٹ “ سے شہری گوشت، مچھلی اور کھانے پینے کی دیگر اشیا ءحفظان صحت کے عالمی معیار کے مطابق خرید سکیں گے ،منصوبے کے دوران ملحقہ گندے نالے کو ڈھک کر بدبو کا خاتمہ کر دیاگیا، دکانوں کو خوبصورت انداز میں قائم کرکے میٹ مارکیٹ کا نقشہ بدلنے پر شہریوں نے خوشگوار حیرت اور مسرت کا اظہار کیا ،مارکیٹ آنے والے شہریوں نے ٹف ٹائلز کی تنصیب، غیر ضروری تاروں کے خاتمے ،جدید انفراسٹرکچر دیکھ کر وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا،ٹولنٹن مارکیٹ میں سیوریج سسٹم، ڈرینج اور ایگزاسٹ سسٹم نے کام شروع کر دیا جبکہ صاف ستھری قصابوں کی دکانوں پر دیدہ زیب تعارفی بورڈز نے میٹ مارکیٹ کو جدید دنیا کا بازار بنا دیا،شہریوں کےلئے پارکنگ ایریا مختص، کوریڈور اور اطراف میں پیدل آمد ورفت کو سہل بنا دیا گیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مارکیٹ سے منسلک کچی آبادی کی متبادل جگہ پر منتقلی کی ہدایت بھی کی ، سینئر وزیر نے لاہور میں عالمی معیار کی فش مارکیٹ کو منصوبے میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے 2روز میں جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کر دی،” میٹ مارکیٹ “ میں جدید ذبح خانہ قائم ، معیار کو یقینی بنانے کا نگرانی کا نظام بھی لاگو کر دیا گیا ۔
















