لاہور (خبرنگار) واپڈا نے مہمند ڈیم کی تعمیر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ مین ڈیم کی تعمیر کے آغاز سے قبل دیگراہم اہداف پہلے ہی حاصل کئے جا چکے ہیں۔ جن میں ریور ڈائی ورشن، اپ اینڈ ڈان سٹریم عارضی ڈیمز، ڈیم فانڈیشن کی کھدائی اور ڈیم کیلئے پہاڑ کے دائیں اور بائیں کناروں کی کھدائی شامل ہیں۔ مہمند ڈیم کی تکمیل 2027-28ءمیں شیڈول ہے۔ مین ڈیم کی تعمیر کے آغازپروفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم پراجیکٹ کے علاوہ پراجیکٹ ٹیم، کنٹریکٹرزاور کنسلٹنٹس کے پراجیکٹ منیجرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر معین وٹو نے پراجیکٹ کی دیگر اہم سائٹس کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں ڈائی ورشن سسٹم، پاور اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاﺅس شامل ہیں۔ تعمیراتی سائٹس پر بریفنگ کے دوران پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پراجیکٹ کی 14سائٹس پر تعمیراتی کا م جاری ہے۔ انہیں پراجیکٹ پر مجموعی تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ملک میں پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا مکمل ادراک ہے، یہی وجہ ہے کہ واپڈا اور وزارت آبی وسائل مہمند ڈیم سمیت پانی اور پن بجلی کے زیر تعمیربڑے منصوبوں کی شیڈول کے مطابق تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تا کہ ملک میں پانی اور سستی بجلی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے وزارت آبی وسائل ہر ممکن مدد فراہم کریگی۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ خیبر پختونخوا ہ کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے۔ پراجیکٹ کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے مہمند اور چارسدہ کے اضلاع کی 18 ہزار 233 ایکڑ نئی اراضی زیر کاشت آئے گی، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کو بھی اضافی پانی دستیاب ہوگا۔ 800 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا مہمند ڈیم نیشنل گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ ماحول دوست اورسستی پن بجلی بھی فراہم کریگا۔ یہ منصوبہ نہ صرف پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے اضلاع کو سیلاب سے بچا میں مدد دے گا، بلکہ پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کریگا۔
مہمند ڈیم پراجیکٹ پر ایک اور اہم سنگ میل عبور، مین ڈیم کی تعمیر شروع
















