بیکری مالکان کی ہٹ دھرمی، گندم، آٹا، میدہ سستا ہونے کے باوجود اشیاءکی قیمتوں میں کمی سے انکار

لاہور (نعیم جاوید) گندم، آٹا اور میدے کی قیمت میں بڑی کمی کے باوجود بیکری مالکان نے آٹا اور میدے سے بنی اشیاکی قیمتوں میں کمی سے انکار کردیا،ڈبل روٹی،بن، بسکٹ بنانیوالی کمپنیوں،مقامی بیکریوں کی لوٹ مارجاری، روٹی کی قیمت کمی کروانے والی حکومت بیکری مالکان کیسامنے بے بس ہوگئی،گزشتہ ایک سال کے دوران آٹے کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے باعث بیکری مالکان نے بھی آٹے اور میدے سے بنی اشیا کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا،گزشتہ سال 40 روپے میں فروخت ہونے والی ڈبل روٹی کی قیمت 110 روپے،80روپے والی 170،جبکہ 110والی فیملی پیکنگ 240روپے تک جاپہنچی،جب آٹا 650 سے 1400کا ہوا تو 20 وا لا بسکٹ 40 کا کردیا گیا، 55 والی ڈبل روٹی 100روپے کی کر دی گئی،اس طرح بسکٹ 300روپے کلو سے بڑھ کر 550روپے کلو ہوگئے۔ مارکیٹ میں مختلف کمپنیوں کے فروخت ہونے والے بسکٹس میں کسی کمپنی نے پیکٹ میں تعداد کم کردی تو کسی نے وزن میں کمی کی تاہم حالیہ دنوں میں معدہ اورآٹا سستا ہونے کے باوجود بیکری مالکان کی جانب سے ڈبل روٹی اور دیگر مذکورہ مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے انکار کردیا ہے جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیکری مالکان کو لگام ڈالنے والا کوئی نہیں جن کی جانب سے من مرضی کرکے قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا رہا، اس دوران آٹا مہنگا ہونے کو جواز بنا یا گیا تاہم اب گندم کی قیمت کم ہونے کے باوجود ڈبل روٹی اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جارہی۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے سلطان ٹاون کے رہائشی مظہر شانی نے کہا کہ سب سے چھوٹی ڈبل روٹی کی قیمت 120 روپے ہے جو کہ گندم کا ریٹ 5500 روپے فی من ہونے پر کیا گیا تھا اب گندم کا ریٹ 3000 روپے من ہے مگر بیکری مالکان ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں۔ علی ٹاﺅن کے رہائشی جاوید ہاشمی نے کہا کہ گندم کے علاوہ گھی اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے مگر مٹھائی کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ ملتان روڈ منصورہ کے رہائشی فہیم بھیا نے کہا کہ معروف بیکری نے شاپر کی قیمت 12 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کر دی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ شاپر پر بیکری کا نام پرنٹ ہے وہ لوگوں کے پیسوں سے اپنی بیکری کی مشہوری کر رہے ہیں۔حکومت نے روٹی کی قیمت تو12روپے کروادی،ڈبل روٹی سمیت میدے سے تیار ہونے والی اشیا ودیگر ضروریات زندگی کی اشیا بھی سستی کروائی جائیں،آٹے کی قیمت میں اضافے کو جواز بناکر بیکری کی مصنوعات ڈبل روٹی، بن اور پاپے مہنگے کرنے والوں نے بھی قیمت کم نہیں کی،اس حوالے سے شہریوں آصف، غلام حسین، ریاض احمد،طارق سپل اور شاہدکا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جب بیکری ایٹم سمیت مٹھائی کی قیمتیں بڑھی میدے کا ریٹ8ہزار 5سو سے لیکر 8ہزار 8سو تک تھا لیکن اس سال جتنا بحران آیا ہے اس میں اچھا میدہ جو ہے5400 ہے اور 5500 روپے ہے اورجودرمیانہ میدہ ہے 5ہزار ر وپے میں سیل ہورہا ہے، 50کلوکا بیگ تو تقریبا 40/45 پرسنٹ ریٹ کی ریڈیکشن ہے پرائس کم ہوگئی ہے اس حساب سے ان کمپنیوں،بیکر ی مالکان کو ہر وہ ایٹم جوآٹااور میدے سے تیار ہوتی ہے ان کی قیمتیں کم کردینی چاہئیں۔

لاہور (خبرنگار) ضلعی حکومت کی نااہلی کے باعث صوبائی دارالحکومت میں قائم بیکریاں قانونی دسترس سے باہر نکل گئیں، بیکری مصنوعات جس میں ڈبل روٹی، بند اور دیگر اشیاءخورونوش شامل ہیں، کے نرخوں کا تعین کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا، حالانکہ مذکورہ اشیاءکا شمار اس وقت شہریوں کی پسندیدہ غذاءکے طور پر ہونا شروع ہو گیاہے، لیکن ضلعی حکومت ابھی بھی پرائس کنٹرول ایکٹ میں شامل صرف 49 اشیائے ضروریہ کے نرخوں پر عمل درآمد کے گرد ہی گھوم رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیکری مصنوعات اب تقریباً ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہیں، مگر ان کی قیمتوں کا کوئی تعین نہیں کیا جا رہا۔ ہر بیکری اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہی ہے اور قیمتوں میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول ایکٹ میں فوری ترمیم کر کے بیکری مصنوعات کو بھی ضروری اشیاءکی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ ان کی قیمتوں پر ضابطہ لایا جا سکے اور شہریوں کو ریلیف میسر آ سکے۔ دوسری جانب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بھی متنازعہ صورتحال اختیار کر چکی ہے، متعدد شکایات کے مطابق مجسٹریٹس کی جانب سے صرف نمائشی کارروائیاں کی جاتی ہیں، جبکہ اصل ہدف ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کروانا نہیں بلکہ مخصوص دکانداروں سے ”نرمی“ کی توقع رکھی جاتی ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ اگرچہ ضلعی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے تو کر رہی ہے لیکن بیکری مصنوعات کی قیمتوں پر خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوامی ریلیف ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر بیکری آئٹمز پر فوری سرکاری نرخ لاگو نہ کیے گئے تو مہنگائی کا یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق قیمتوں پر کنٹرول کے بغیر شہری طبقہ، خاص طور پر متوسط اور کم آمدنی والے افراد، مزید معاشی دباو¿ کا شکار ہوں گے۔ ضلعی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی پرائس پالیسی پر نظرثانی کرے اور روزمرہ استعمال کی اشیاءکو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق سرکاری نرخوں کی فہرست میں شامل کرے۔