پی ٹی آئی کی کسی سے لڑائی نہیں ،فوج ، اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں: ملک احمد بھچر

لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں ،فوج اور ادروں کے ساتھ کھڑے ہیں، 9 مئی کے کیسوں میں جس طرح فیصلے کئے جا رہے ایسے انصاف ممکن نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات تھی،کارکنوں کے دباﺅ کی وجہ سے ان کو ملاقات کروانی پڑی ۔بانی پی ٹی آئی نے بری ،فضائیہ اور بحری افواج سے اظہار یکجہتی کا پیغام بھیجا ،پاکستان تحریک انصاف فوج اور ادروں کے ساتھ کھڑی ہے ،پی ٹی آئی کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کا چہرہ سامنے آچکا ہے ،مودی جب پاکستان آیا تواس وقت کے سیکرٹری خارجہ کو بھی نہیں پتہ تھا کہ مودی اور نواز کا گٹھ جوڑ ہے ۔اگرآپریشن کا پلان نواز شریف کا تھا تو فوج نے کیا کیا ،وزیر اطلاعات کے اس بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر کو جواب دینا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں یکجہتی کی فضا کو قائم رہنا چاہئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی کے بیان کو سہراتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو دوگھنٹے تک روک کر رکھا گیا، 9 مئی کے کیسوں میں جس طرح فیصلے کئے جا رہے ایسے انصاف ممکن نہیں ۔