مستقبل میں پاکستان خطے کا طاقتور ترین ملک بن جائےگا: احسن اقبال

لاہور: (ایجوکیشن رپورٹر ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں بجٹ سمٹ 26-2025 کا انعقاد کیا گیا جس کا مرکزی موضوع ”ایک پائیدار معاشی مستقبل کی راہ“ تھا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بطور مہمانخصوصی شرکت کی، سمٹ میں معروف ماہر معیشت ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل احمد عبداللہ، شبر زیدی (سابق چیئرمین ایف بی آر)، ذکی اعجاز (نائب صدر ایف پی سی سی آئی) سمیت پاکستان کے ممتاز پالیسی سازوں نے شرکت کی

طلبا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی،سمٹ کے دوران قومی بجٹ، مالی چیلنجز، ٹیکس اصلاحات، مالیاتی استحکام اور صنعتی پالیسی جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، مقررین نے نوجوانوں میں معاشی شعور اجاگر کرنے پر یو ایم ٹی کی کاوشوں کو سراہا،ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کہا اعلیٰ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ نوجوان طلبہ کو معیشت جیسے اہم موضوعات سے روشناس کرانا نہایت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کامیاب سمٹ کے انعقاد پر یو ایم ٹی کو سراہتے ہوئے کہا بجٹ 26-2025 پاکستان کی معیشت کےلئے فیصلہ کن موقع ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کا راز امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل میں ہے اور معیشت ملک کی بنیاد ہوتی ہے۔