کراچی:(بیورورپورٹ)گورنر سٹیٹ بینک نے کہاہے ملک میںمیں معاشی استحکام ،افراط زر 5 تا 7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
جمیل احمد نے عالمی مالیاتی و سرمایہ کاری اداروں جے پی مورگن، سٹینڈرڈ چارٹرڈ، ڈوئچے، جیفریز اور بڑی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں سے اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے دوران بہتری کی جانب گامزن معاشی استحکام اور مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا، ملاقاتیں واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سپرنگ اجلاسوں کے موقع پر ہوئیں۔
گورنر سٹیٹ بینک نے بریفنگ کے دوران شرکاءکو پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں حاصل ہونے والی نمایاں پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا دانشمندانہ مالیاتی پالیسی اور مسلسل مالیاتی استحکام کی کوششوں کے نتیجے میں ملک میں معاشی استحکام حاصل ہوا ،گزشتہ 2 برس کے دوران مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ، مارچ 2025 میں کم ہو کر 0.7 فیصد کی کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگئی،بنیادی مہنگائی بھی 22 فیصد سے گھٹ کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی اور توقع ہے آنے والے مہینوں میں مزید کم ہوگی،آگے چل کر افراط زر 5 سے 7 فیصد کے ہدف دائرے میں مستحکم رہنے کی توقع ہے
جمیل احمد نے کہا پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں معیار اور مقدار دونوں لحاظ سے نمایاں بہتری آئی، سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر فروری 2023 میں کم ترین سطح پر آنے کے بعد تین گنا سے زیادہ بڑھ چکے ہیں جبکہ فارورڈ واجبات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ، ذخائر میں موجودہ اضافہ کسی نئے بیرونی قرضے کے حصول کی وجہ سے نہیں بلکہ جاری کھاتے میں سرپلس کے نتیجے میں زرمبادلہ کی خریداری کے ذریعے ہوا ۔
افراط زر 5 تا 7 فیصد رہنے کی توقع ہے، گورنر سٹیٹ بینک
















