مسئلہ فلسطین پر فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے،سردار ایاز صادق

استنبول: (مشرق نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے پاکستان فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اور امت مسلمہ کو معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کرناہوں گے۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں فلسطین کی حمایت میں منعقدہ اجلاس میں سردار ایاز صادق نے شریک ممالک کے سپیکرز، پریذائیڈنگ افسروں سے اہم ملاقاتیں کیں اور فلسطین کی تشویشناک صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سپیکر قومی اسمبلی نے کہامسلم امہ کو فلسطین پر متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے، فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے، معاملے پر امت مسلمہ کو فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔

فلسطینی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہاپارلیمان نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد قراردادیں منظور کیں ، اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، فلسطین کی حالت زار پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

ترکیہ،ملائیشیا،انڈونیشیا ،اماراتی ہم منصب سے ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی نے تشویشناک صورت حال پر مشترکہ حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ،فوری جنگ بندی ناگزیر ہے،اقوام عالم کوحق خود ارادیت کےلئے بیدار کرنا پڑے گا، پاکستان پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔