حکومت نے ٹی بلز اور پی آئی بیز کے ذریعے 1220 ارب روپے کا قرض حاصل کر لیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت پاکستان نے ٹریژری بلز (ٹی بلز) اور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کی نیلامی کے ذریعے مجموعی طور پر 1220 ارب روپے کا قرض حاصل کر لیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں جس سے ملک میں حکومتی سکیورٹیز میں سرمایہ کاروں کی بے پناہ دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کو ٹی بلز کیلئے 1730 ارب روپے اور پی آئی بیز کیلئے 1592 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار 33 کھرب روپے سے زائد رقم رسک فری حکومتی کاغذات میں لگانے کو تیار ہیں، جو موجودہ معاشی حالات میں نجی شعبے کے لیے ایک تشویشناک اشارہ ہے۔

ٹی بلز کی نیلامی میں حکومت نے 850 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 965 ارب روپے جمع کیے، جب کہ میچیورٹی کی رقم 821 ارب روپے رہی۔ اتنی بڑی تعداد میں بولیوں کی وصولی نے بینکوں کی نجی شعبے کو قرض دینے میں ناکامی کو بھی واضح کر دیا ہے، کیوں کہ دسمبر 2024 سے نجی قرضوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق غیر پیداواری سرکاری کاغذات میں سرمایہ کاری نجی شعبے کی ترقی کو روک رہی ہے جس کے باعث صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں سست روی کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ ٹی بلز پر منافع کی شرح میں مجموعی طور پر کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی، صرف ایک ماہ کے ٹی بلز پر کٹ آف ریٹ 6 بیسس پوائنٹس کم ہو کر 12.32 فیصد رہ گیا جبکہ 6 ماہ، 3 ماہ اور 12 ماہ کی مدت کیلئے ریٹرن بالترتیب 12.01 فیصد، 11.99 فیصد اور 12.01 فیصد پر برقرار رہے۔

دوسری جانب پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) کیلئے بھی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے کو ملی جہاں 1592 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں، تاہم حکومت نے نیلامی میں 400 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں صرف 261 ارب روپے ہی حاصل کئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ رجحان اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ سرمایہ کار محفوظ منافع کو ترجیح دے رہے ہیں اور نجی شعبے کو قرض دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو معیشت کی بحالی میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔