عمران سے ملاقات کیلئے کوئی حکمنامہ جاری نہیں کریں گے،چیف جسٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری بحالی کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں غیرموثر ہونے پر خارج ،سپریم کورٹ نے عمران خان سے ملاقات کرانے کیلئے تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافکس اور وائس میچنگ ٹیسٹ ہونا باقی ہے، جسمانی ریمانڈ صرف 2 ٹیسٹ کےلئے درکار ہے، بانی پی ٹی آئی نے تعاون نہیں کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ بات نہ کریں جیل میں ملزم عمران خان تعاون نہیں کرتا،ذوالفقار نقوی نے کہا اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدرنے موقف اپنایا اب تو معاملہ فرد جرم تک پہنچ گیا ریمانڈ تو بہت پیچھے رہ چکا، میرے موکل پر 300 سے زائد کیسز ہیں، غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لینے کیلئے سپریم کورٹ خصوصی ہدایات جاری کرے، خصوصی ہدایات ہوں تو میری ملاقات ہو جائےگی۔

چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کیا آپ نے جب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جانا ہے چلے جائیں، کوئی حکمنامہ جاری نہیں کریں گے اب آپ کی ملاقات بغیر کسی حکم کے ہو گی،دیکھتے ہیں بغیر حکم ملاقات کرنے دی جاتی ہے یا نہیں؟،عدالت نے سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے ہدایات لینے کیلئے وقت فراہم کردیا اور سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کےخلاف 9 مئی مقدمے پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس نے استفسار کیا ملزمہ عورت ہے،جسمانی ریمانڈ کیوں درکار ہے؟ سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت کو آگاہ کیا جسمانی ریمانڈ کیخلاف اپیل پر ہائی کورٹ نے صنم جاوید کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا،بعدازاں سپریم کورٹ نے صنم جاوید کو نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کر دی۔

دوسری جانب سپیشل جج سینٹرل نے عمران خان کا طبی معائنہ ذاتی معالج سے کرانے اور بچوں سے بات کرانے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،تحریری فیصلے میں کہا گیاسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پرمن وعن عملدرآمد کرکے تعمیلی رپورٹ جواب کرائیں،چیک اپ ڈاکٹرعاصم یوسف ، فیصل سلطان ،ثمینہ نیازی سے کرایا جائے، جیل میں تعینات ڈاکٹرز کی زیر نگرانی تینوں ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کریں گے۔