فلسطین کی حمایت میں مکمل شٹر ڈاﺅن، شہری ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تاجر برادری

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید ) لاہور کی تاجر برادری نے فلسطین کی حمایت میں آج مکمل شٹرڈاون ہڑتال کی وجہ سے تمام مارکیٹس بند رہیں گی۔ روزنامہ ”مشرق“سے گفتگو کرتے ہوئے پیاف رہنما محمود غزنوی، فہیم سہگل، لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، سابق صدر کاشف انور، قومی تاجر اتحاد کے سید ممتاز بخاری، انجمن تاجران قائد اعظم گروپ کے وقار احمد میاں، مرکزی تنظیم تاجران کے میاں سلیم، چیئرمین لاہور کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن فاران سعید بٹ، ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی، حفیظ سینٹر ٹریڈرز لیگ کے سربراہ ملک کلیم اور خدمت گروپ کے سینئر نائب چیئرمین راجہ جاوید نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ مارکیٹس بند کرکے گھروں میں بیٹھنے کی بجائے سڑکوں پر نکل کر مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروا کر اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا جائے تاکہ اسرائیلی دہشت گردی، بربریت اور فلسطینی مظلومیت دنیا میں اجاگر ہو۔مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے طور پر اس احتجاجی ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور ان کو اپنے روزمرہ کے استعمال سے باہر نکال پھینکیں۔ مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر ہم ہر سطح اور ہر پلیٹ فارم پر آوازِ حق بلند کریں ورنہ اللہ کے حضور کیا جوابدہ ہوں گے۔