اسلام آباد:( بیورورپورٹ)ترسیلات زر نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے،ایک ماہ میں 4 ارب ڈالر سے زائد موصول ہوگئے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ میں ترسیلات زر کی آمد پہلی بار 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی سطح کو چھوگئی، ترسیلات زر ایک ماہ کے دوران37.3،ایک سال میں 29.8فیصد بڑھے،پاکستان کو سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے 98 کروڑ 73 لاکھ امریکی ڈالر موصول ہوئے، یو اے ای سے ترسیلات زر 84 کروڑ 21 لاکھ ڈالر ملے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی ایک ماہ میں 4ارب ڈالر کی حد عبور کرنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔
شہبازشریف نے کہا اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے تناظر میں ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کی خوشخبری کا آنا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے اور ملکی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہے، ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا سمندر پار پاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے،سمندر پار پاکستانی بیرون ملک دن رات محنت سے کام کرکے نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر سے معیشت کو فائدہ پہنچاتے ہیں،سمندر پار مقیم پاکستانی اثاثہ ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے،حکومت تمام تر سہولیات فراہم کرنے کےلئے پر عزم ہے۔
ترسیلات زر نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے،پالیسیوں پراعتماد کی عکاسی ہے،وزیراعظم

















