اسلام آ باد (مشرق نیوز) ملک میں بجلی کی قیمت میں مزید کمی کیلئے حکومت کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باقاعدہ سماعت کا آغاز ہو گیا۔
نیپرا کے چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی جا رہی ہے۔پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق حکومت نے یہ درخواست کابینہ سے منظوری کے بعد نیپرا میں جمع کرائی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار تمام کمپنیوں پر اس کمی کا یکساں اطلاق کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں یہ ممکنہ کمی ٹیرف سبسڈی میں اضافے کے ذریعے کی جائے گی، تاکہ صارفین کو براہ راست ریلیف مل سکے، تاہم پاور ڈویڑن حکام نے واضح کیا کہ یہ کمی صرف عام صارفین کیلئے ہوگی اور لائف لائن یعنی کم ترین بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی والے صارفین کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
نیپرا کی سماعت میں حکومت کی درخواست پر فریقین کا مو¿قف سنے جانے کے بعد بجلی کی قیمت میں 1.71 روپے فی یونٹ کی کمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
بجلی مزید 1.71 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت
















