مہنگائی کو مسلسل ریورس گیئر،شرح 6 دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگئی
کراچی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومتی مثبت پالیسیوں کے ثمرات ملنا شر وع،مہنگائی کو مسلسل ریورس گیئر،شرح 6 دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگئی،ملک میں مہنگائی مسلسل دوسرے ماہ بھی وزارت خزانہ کے تخمینوں سے کم رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.7 فیصد رہی جو گزشتہ ماہ 1.5 فیصد تھی،شہری علاقوں میں مہنگائی 1.2 فیصد تک محدود رہی جو فروری میں 1.8 فیصد تھی ،دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح جوں کی توں یعنی صفر فیصد رہی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا مارچ میں مہنگائی کی شرح 0.7 فیصد ریکارڈ ہوئی،گزشتہ سال اسی ماہ مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد تھی اب ملک میں مہنگائی کی شرح 6 دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے۔
شہبازشریف نے کہارواں سال رمضان کے دوران بھی مہنگائی کئی دہائیوں کی کم ترین ریکارڈ کی گئی، مہنگائی میں واضح کمی حکومتی پالیسیوں کی درست سمت اور عوامی فلاح و بہبود کےلئے انتھک محنت کا ثبوت ہے،عام آدمی کی زندگی ،ملکی معیشت پر مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں،ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ، حکومت عوامی فلاح و بہبود کےلئے دن رات محنت کر رہی ہے۔
















