اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیر اعظم کی ہدایت پراہم فیصلہ، طبی تعلیم عام آدمی کی پہنچ میں لانے کیلئے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس پروگرامز کےلئے سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کر دی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے وسیع مشاورت کے بعد سالانہ ٹیوشن فیس کی حد مقرر کرنے کی سفارش کردی ۔
پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے فیصلہ کیا نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سالانہ ٹیوشن فیس ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کےلئے 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ، اقدام پاکستان میں طبی تعلیم کو سستا اور قابل رسائی بنانے کی سمت بڑا سنگ میل ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایم بی بی ایس کے لیے فیس 5 سال اور بی ڈی ایس کے لیے 4 سال تک لاگو ہوگی،افراط زر کی بنیاد پر 18 لاکھ روپے کی مقررہ حد میں سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، نئی حد سے کم فیس لینے والے اداروں کی موجودہ سطح پر فیس محدود رہے گی، ایسے نجی اداروں کو افراط زر کی بنیاد پر سالانہ اضافے کی اجازت ہوگی، پی ایم ڈی سی نے واضح کیا فیسوں میں غیر ضروری اور غیر معقول اضافہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔
نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی ٹیوشن فیس 18 لاکھ مقرر
















