اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپورنے کہا ہے دہشتگردی کےخلاف جنگ جیتنے کےلئے عوامی اعتماد ضروری ہے، عوامی رائے کے ساتھ چلنا پڑے گا،عمران خان کو رہا کئے بغیر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتے۔
افطار پارٹی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا حکومت کو درپیش مالی مشکلات سے نکال دیا ،صوبہ 159 ارب سرپلس ہے،پنجاب 148 ارب خسارے میں ہے، صوبے میں شفافیت لائے ،کہا جاتا ہے صوبے میں کرپشن ہورہی ہے اگر کرپشن ہورہی ہوتی تو کیا صوبہ سرپلس ہوتا ؟ ایسی کرپشن تو پھر تمام صوبوں میں ہونی چاہیے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا پاکستان کی افغانستان کےساتھ ہزاروں کلومیٹر کی سرحد ہے، افغانستان سے مذاکرات کی بات کروںتو مخالفت کی جاتی ہے، پی ڈی ایم حکومت میں بھی طالبان سے بات کرنے کا فیصلہ ہوا، ملکی بہتری کےلئے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،بانی پی ٹی آئی کو رہا کئے بغیر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتے،دہشتگردی کےخلاف جنگ جیتنے کےلئے عوامی اعتماد ضروری ہے۔
دریں اثنااسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہاطالبان سے مذاکرات واحد حل ہے ٹاسک دیں ٹیبل پر لاوں گا، فضل الرحمن کا طالبان میں اثرورسوخ ختم ہوچکا،اڑھائی ماہ ہوچکے طالبان سے مذاکرات کا پلان دے رکھا ہے، عملدرآمد نہیں ہوا، ٹاسک دیں طالبان سے مذاکرات کرلیتا ہوں، طالبان کو ٹیبل پر بٹھائیں، مذاکرات کریں یہی واحد حل ہے، تمام ایجنسیوں کے قبائلی مشیروں سے مذاکرات کا پلان بنا کر دفتر خارجہ ، وزارت داخلہ کو بھیجا، وزارت داخلہ،خارجہ یا دفاع سے کوئی جواب نہیں آیا، قبائلی مشیروں کو طالبان انکار نہیں کر سکتے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہامجھے ٹاسک دیں تو اخونزادہ کےساتھ بیٹھا نظر آوں گا، طالبان کےساتھ فی الحال کوئی رابطہ نہیں ہوا،مجھے بھجوائیں پھر بات بنے گی، فضل الرحمن کےساتھ تو طالبان کی نچی سطح کی قیادت کا رابطہ ہواتھا،2سال پہلے میں پہاڑوں پر پھر رہاتھا،اب وزیراعلیٰ ہوں، کل کوئی ویلیو نہیں ہوگی۔
طالبان سے مذاکرات واحد حل ہے، ٹاسک دیں ٹیبل پر لاوں گا،گنڈا پور
















