لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں انسداد ڈینگی کے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کا اہم اجلاس منعقدہوا-جس میں ڈینگی سے نمٹنے کیلئے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزرائے صحت نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب نے ڈینگی کی تازہ صورتحال پر بریفننگ دی۔ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل ایس او پیز پر بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے اس سیزن میں تمام محکمہ جات انتہائی موثر انسدادی مہم چلائیں گے۔ ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سفارشات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ انسداد ڈینگی مہم کی تمام سرگرمیوں کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کروائی جائے گی۔ الائیڈ محکمہ جات کے سیکرٹری ڈینگی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔محکموں کے سربراہان کو خود فیلڈ میں متحرک رہنا ہوگا۔ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غفلت پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔ انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈینگی سیزن میں کام نہ کرنے والے افسران کا کڑا احتساب ہو گا۔ تمام متعلقہ محکمہ جات کی محنت کے بغیر ڈینگی کا مقابلہ نا ممکن ہو گا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس کی نسبت اس ڈینگی سیزن میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی سرویلنس انتہائی اہم ہے۔ ضلعی حدود میں کباڑ خانوں اور قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کروائی جائے۔اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، ٹیکنیکل ایکسپرٹس اور پی آئی ٹی بی کے نمائندے موجود تھے۔ٹیکنیکل ایکسپرٹ پروفیسر وسیم اکرم اور چیئرمین ڈی ایگ پروفیسر عمران حسن نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام الحمدللہ کامیابی سے جاری ہے۔ اجلاس کے دوران اس حوالے سے تمام متعلقہ سرکاری و نجی چلڈرن ہسپتالوں سے فیڈ بیک لیا گیا ہے۔ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 2870 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب سرجریز ہو چکی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا رہی۔ حکومت پنجاب بچوں کے ہارٹ سرجری پروگرام کے پورے نظام کی شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔اجلاس میںوڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عدنان خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈاکٹر مسفراح اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: صوبائی وزراءصحت

















