لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی عدنان افضل چٹھہ، رکن پنجاب اسمبلی سنبل ملک، رکن پنجاب اسمبلی سونیہ آشر اور رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر نے شرکت کی۔ سیمینار میں پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر منزہ اقبال، پروفیسر شیریں خاور، پروفیسر منزہ قیوم، پروفیسر نورین اکمل، ڈاکٹر وجیہہ رضوان، پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ندیم، پروفیسر بلقیس شبیر، فیکلٹی اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ویلکم کیا۔ اراکین پنجاب اسمبلی، وائس چانسلر و دیگر مقررین نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کیا۔ سیمینار کا تھیم ”تمام خواتین اور لڑکیوں کیلئے: حقوق۔ مساوات۔ بااختیار بنانا“تھا۔ ڈاکٹر نور آمنہ ملک، منیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن، ایچ ای سی نے بذریعہ آن لائن شرکت کی اور صنفی مساوات کی اہمیت پر زور دیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیمینار کے شرکاءسے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں خواتین کو بڑا مقام حاصل ہے۔ دنیا کا کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک کہ قوم کے مردوں کے ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔ ایک متوازن معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ آج کا پیغام ہے کہ تمام مرد خواتین کو عزت دیں۔ ہم اپنے ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہماری والدہ ہمیں شکوہ جواب شکوہ پڑھایا کرتی تھیں۔ نبی کریم اپنی بیٹی حضرت بی بی فاطمہ زاہرہؓ کے احترام میں کھڑے ہو جاتے تھے۔ نبی اکرم نے اس خاتون کو بھی معاف فرما دیا جس نے آپ پر کوڑا پھینکا تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میرے والد فاطمہ جناح کے چیف پولنگ ایجنٹ تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف میرٹ اور انتہائی محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔ ہماری نرسز ہسپتالوں میں مریضوں کی دن رات خدمت میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جلد فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لائیں گے۔ پاکستان کی ترقی میں اہم کلیدی کردار ادا کرنے والی ہر بیٹی، بہن اور ماں کو خراجِ تحسین پیش کرے ہیں۔ عورت محض فرد نہیں بلکہ ایک نسل کی معمار ہوتی ہے۔ خواتین کو تعلیم روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع ناگزیر ہیں۔ تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین ہی روشن اور خوشحال پنجاب کی ضمانت ہیں۔ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک یا ناانصافی کی گنجائش نہیں۔ خواتین کی آسانی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ای بائیکس کی سکیم انتہائی خوش آئند ہے۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے سیمینار کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دن خواتین کا دن ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی وومن ایمپاورمنٹ کی بہترین مثال ہے۔ خواتین کو جو حقوق دین اسلام نے دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیئے۔ اسلام میں عورت کا اعلیٰ مقام ہے۔ عورت ماں بہن بیوی بیٹی ہر روپ میں عظیم ترین حیثیت و مرتبہ رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی ہے جبکہ بیٹی کو رحمت بنا کر بھیجا۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیر صحت کے توسل سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے جیمنیزیم اور سوئمنگ پول کے افتتاح اور ایف جے ایم یو میں نئے آڈیٹوریم کی تعمیر کی خصوصی درخواست کی۔ رکن پنجاب اسمبلی شہباز کھوکھر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں رحمت ہیں اور مائیں و بیٹیاں گھر کو جنت بنا دیتی ہیں۔ محترمہ مریم نواز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی سنبل ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر دن خواتین کا دن ہے اور اللّٰہ تعالیٰ نے عورت کو ہر حق سے نوازا ہے۔ ہمیں سیرت فاطمہ زھرہ سلام اللہ علیھا کو پڑھنا چاہئے۔ رکن پنجاب اسمبلی سونیہ آشر نےاظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف نے ویمن امپاورمنٹ کی بہترین مثالیں قائم کی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف اور خواجہ سلمان رفیق کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ہر کامیاب عورت کو بھی ایک مرد کا سہارا ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے عورت کو بااختیار بنایا ہے۔ مریم نواز نے اپنے پہلے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں۔ آج کا دن ان خواتین کے نام ہے ہو جو ملک و قوم کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے صحت عدنان افضل چٹھہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمارے ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اس ملک کی بنیاد اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناح کی مدد سے رکھی۔ پاکستانی لیڈی ڈاکٹرز پوری دنیا میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ہمیں نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ مریم نواز شریف نے خواتین کیلئے خصوصی طور پر ای کامرس، آئی ٹی اور مختلف شعبہ جات میں کورسز کا آغاز کروایا ہے۔ میری دعا ہے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات پوری دنیا میں اس ملک کا نام روشن کریں۔ سیمینار کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ چیف گیسٹ خواجہ سلمان رفیق کو اعزازی سوونیئر پیش کیا گیا اور پارلیمنٹرینز میں ہسٹری بکس پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔
خواتین کیخلاف کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی گنجائش نہیں: سلمان رفیق

















