یواین قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل امن کی ضمانت ہے،یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے ملاقات کی،بھارتی افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کشمیری عوام کے صبر، قربانیوں اور آزادی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کےساتھ کھڑا ہے ،حق خودارادیت کے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے ظلم و ستم کا پردہ عالمی سطح پر فاش کرنا پاکستان کی سفارتی ترجیح ہے۔

چیئرمین سینٹ نے کہااقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے ، بھارت کو اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیری عوام کو جائز حق دینا ہوگا، عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔