تعلیمی اصلاحات سے بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہوگا: احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کا دار و مدار نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی بہتری اور ملک گیر سطح پر مہارتوں کے فروغ پر ہے،سی او ٹی ایچ ایم گلوبل کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان کو اپنی افرادی قوت کو جدید عالمی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا اور نجی شعبے کو سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور اقتصادی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک نجی شعبے کی مکمل شمولیت اور ہنر مند افرادی قوت کے بغیر پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز ایک نئے طرز فکر کے متقاضی ہیں، جہاں حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرے، سرمایہ کاری کو فروغ دے اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے لیکن اسے تعلیمی اصلاحات اور صنعتی ترقی کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنانا ہوگا۔