خیبر پختونخوا لاقانونیت، دہشت گردی، کرپشن میں سبقت لے رہا ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے خیبرپختونخوا لاقانونیت، دہشت گردی اور کرپشن میں سبقت لے رہا ہے،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا ایک سال میں 365 دن ہوتے ہیں اور کے پی حکومت نے 625منصوبے ایک سال میں شروع کردئیے؟ گنڈاپور سرکار کے 625 منصوبے بھی ایک ارب درختوں کی طرح ہونگے، ایک سال میں ایک دن بھی کے پی حکومت کے کسی وزیر یا وزیراعلیٰ کو نئے منصوبے کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا ، ایک سال میں 625 دفعہ تو وزیر اعلیٰ دفتر تک نہیں آئے تو کیا منصوبے موکلات نے شروع کرادئیے؟،عظمیٰ بخاری نے کے پی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جس صوبے کے پاس یونیورسٹیوں کو چلانے کا بجٹ نہیں اس کو یونیورسٹیوں کی زمینیں بیچنا پڑیں وہ 625منصوبے شروع کرنے کا جھوٹ مت بولے، خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین تنخواہوں کےلئے اور بلدیاتی نمائندے فنڈز کےلئے ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا علی امین کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں اڈیالہ کا قیدی ہے ، خیبرپختونخوا میں کرپشن اپنے عروج پر ہے،احتساب کمیٹی کے لوگ خود اس میں ملوث ہیں ، گھڑیاں،انگوٹھیاں اور 190ملین کے ڈاکے مارنے والے کی احتساب کمیٹی خود قابل احتساب ہے، خیبرپختونخوا کو وفاق سے ملنے والے فنڈز صرف جلسے،دھرنے اور بندربانٹ کی نذر ہورہے ہیں ، وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کو دیئے فنڈز کا آڈٹ کرانا چاہیے۔
















