ڈوزیئر تیار،آئی ایم ایف کے سامنے اہم معاملات اٹھائیں گے،پی ٹی آئی

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ) پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کےلئے ڈوزیئر تیار،عام انتخابات 2024 اور 26 ویں ترمیم کا معاملہ وفد کے سامنے اٹھانے کا اعلان کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے راولپنڈی کے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، پی ٹی آئی نے ڈوزیئر تیار کیا جو آئی ایم ایف کے وفد کو پیش کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ڈوزیئر آئی ایم وفد کو دیں گے،ڈوزیئر حقائق پر مبنی ، اڑھائی سال میں جو کچھ پی ٹی آئی کیساتھ ہوا سب شامل ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا ،اسمبلی اجلاس کے دوران جیسے ہی وزیر قانون نے بات کرنے کی کوشش کی تو اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج شروع کردیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

عمر ایوب نے کہا ملک میں حالات مذاکرات کے قابل نہیں ، پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے لیکن بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، پی ٹی آئی رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، فارم 47 والے بازاروں میں جا کر دیکھیں کہاں مہنگائی کم ہوئی؟، قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی مجبوری میں حکومت کے سخت فیصلوں کی حمایت کر رہی ہے۔