یوم سیاہ کی کال مسترد، تحریک انتشار والے بد بخت،روندو بچہ روتا رہے گا ،عطا تارڑ

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی کی یوم سیاہ کال کو پورے پاکستان نے مسترد کرکے تعمیر و ترقی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ،روندو بچہ روتا رہے گا لیکن پاکستان ترقی کرتا رہے گا ،عالمی مالیاتی ادارے معترف ہیں مہنگائی میں کمی ،معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے،ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف کو جاتا ہے، سپہ سالار نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

یوم تعمیر و ترقی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ایک سال کے دوران شہباز ، نواز کی قیادت میں معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے سے اٹھا کر تعمیر و ترقی کی طرف لائے ،محنت ،کاوش کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، تحریک انتشار والے بد بخت پاکستان مخالف ہیں ، شرطیں لگاتے اور دعائیں کرتے تھے ملک ڈیفالٹ ہوگا،ڈیفالٹ دور کی بات ہے ،دنیا کی بہترین معیشتوں میں شمار ہونا شروع ہو گیا ،پاکستان سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین سٹاک مارکیٹ میں سے ایک ہے ، سفارتی محاذ پر جب باہر جاتے ہیں تو دنیا کے صدور ،وزرائے اعظم پاکستانی معیشت کی تعریف کرتے ہیں تو سر فخر سے بلند ہو جاتا۔

وزیراطلاعات نے کہا تعمیر و ترقی کے ایک سال کے سفر میں وزیر اعظم شہباز شریف ،ساری ٹیم کی کاوشیںشامل ہیں،سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے بھی حب الوطنی اورمحنت کےساتھ معاشی سفر میں پورا کردار ادا کیا اور پاکستان کو ترقی کی منزلوں کی طرف لے کر گئے۔

عطا تارڑ نے کہاصرف الزام ،بہتان اور جھوٹ کی سیاست کوعوام نے اٹھا کر باہر پھینک دیااب تمہاری سیاست میں کوئی گنجائش نہیں ، تمہارا دھاندلی کابیانیہ دفن ہو چکا ، تم روتے رہو گے کام کرتے جائیں گے،5سال بعد خیبر پختونخوا کے غیور عوام تم سے سوال کریں گے ، علی امین گنڈا پور و دیگر کی آپس کی لڑائیاں ہی ختم نہیں ہو رہیں ایسے لگ رہا ہے جیسے ٹی وی کا ڈرامہ چل رہا ہے۔